تبصرہ نگار : سید تنویر حسین گیلانی ( لاہور)
حال ہی میں لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد ایوب صاحب کی کتاب غزواتِ رسول ﷺ( آپ ﷺ کی جنگی حکمت عملی ایک اجمالی جائزہ) مجھ تک پہنچی ۔ سیرت النبی ﷺ دنیا کا واحد موضوع ہے جس پر چودہ سو سال سے لکھا جا رہا ہے ۔ مگر سیرت رحمت العالمین ﷺ ایک ایسا موضوع ہے جس کا احاطہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں ۔ شرق تا غرب سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوءوں پر لکھنے والوں میں اہلِ ایمان کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی شامل ہیں ۔ جنہوں نے رحمت العالمین کریم آقا ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا اور پھر اس پر کمال لکھا۔
ایک ہندو شاعر دلو رام کوثری حضور نبی رحمت ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار یوں کرتا ہے ۔
عشق ہو جائے کسی سےکوئی چارہ تو نہیں
صرف مسلم کا محمد ﷺ پہ اجارہ تو نہیں
انہی سیرت نگاروں میں لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ایوب بھی شامل ہو گئے ہیں ۔ آپ نے کتاب لکھتے وقت بحیثیت سپاہی اور عسکری ماہر حضور نبی رحمت ﷺ کے بحیثیت سپہ سالار عسکری حکمت عملی اور میدان جنگ میں اسلحہ سے لیس اپنے سے بڑے اور افرادی قوت کے حامل دشمن کے خلاف میدان جنگ میں بروقت فیصلوں کو جس طرح بیان کیا ہے وہ دوسری کتب سیرت ﷺسے اس کتاب کو منفرد کرتا ہے ۔
حضور نبی رحمت ﷺ کے مدنی دور کا زیادہ عرصہ کفار اور یہودو نصاریٰ کے خلاف غزوات میں گذرا ۔ آپ ﷺ کی بحیثیت سپہ سالار جنگی حکمت عملی کا مطالعہ آجکے دور میں ہر اسلامی ریاست کی مسلح افواج کے لئے اور عسکری ماہرین کے لئے نہاءت ضروری ہے ۔ کرنل محمد ایوب خود افواج پاکستان سے بحیثیت لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ہوئے ہیں ۔ آپ نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوءوں پر درجنوں کتب کا مطالعہ کیا ۔ افواج پاکستان میں مختلف رینکس پر رہتے ہوئے جنگی حکمت عملی کا مطالعہ بھی کیا اور تربیت بھی حاصل کی اور بحیثیت سپاہی جب نبی رحمت ﷺ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا اوربالخصوص آپ ﷺ کی غزوہ بدر سے صلح حدیبیہ اور فتح مکہ تک کی حیات مبارکہ کا مطالعہ کیا اورمختلف غزوات میں بحیثیت سپہ سالار آپ کے بروقت اور دور اندیشانہ فیصلوں کا مطالعہ کیا ۔ تو آپ پر سیرت النبی ﷺ کے وہ گوشے وا ہوئے جو اس کتاب کی تخلیق کا باعث بنے ۔ آپ کو زیر نظر کتاب غزوات رسول ﷺ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی رحمت ﷺ کی غزوات میں بہترین حکمت عملی سے جہاں مدینہ کے با اثر یہود قبائل کو مطیع کیا ۔ کفار مکہ کا غرور خاک میں ملایا وہاں فارس و روم کی عظیم الشان سلطنتوں کی بنیادیں ہلا دیں ۔ بدر کے میدان میں آپ ﷺ نے313 نہتے مجاہدین اسلام کے ساتھ اپنے سب سے بڑے دشمن کفار مکہ جو اسلحہ اوربہت بڑی ا فرادی قوت ،جنگجو ماہرین کے ساتھ میدان میں آیا مگر آپ ﷺ کی بہترین جنگی حکمت عملی نے جہاں دشمن کا غرور و تکبر خاک میں ملا دیا ۔ وہاں مدینہ کے گردونواح کے یہودو نصاریٰ پر آپ کی دھاک بیٹھ گئی ۔ لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد ایوب نے اپنی کتاب میں اپنے پیشہ وارانہ تجربات کے ساتھ ساتھ موجودہ اسلامی اُمہ کے لئے حضور نبی رحمت ﷺ کی سیرت کے عسکری پہلوءوں کا مطالعہ اور اس پر عمل پیرا ہونے پر امت مسلہ کی کامیابی کا نسخہ بھی تجویز کیا ۔ لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد ایوب کی یہ کتاب افواج پاکستان کی تمام لائبریریوں کا حصہ ہونی چاہیے اور افواج پاکستان کی تربیت کے نصاب میں بھی شامل ہونی چاہیے ۔ لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد ایوب لائق تحسین ہیں کہ انہوں نے اتنی عمدہ کتاب تحریر کی ۔ اللہ آپ کی یہ کاوش بارگاہ رسالت میں قبول فرمائے ۔ (آمین )