Tarjuman-e-Mashriq

انوار ایو ب راجہ کی کہانی کا سفر

میرے سامنے ایک مسودہ ہے اور اس مسودے میں موجود الفاظ پر مجھ ناچیز کی رائے مانگی گئی ہے۔یہ انوار ایوب راجہ کی لکھی گئی کہانیوں کا مجموعہ ہے۔میں انوار ایوب راجہ کو نہیں جانتی اور اسے آپ میری کم علمی سمجھ لیں کہ میں نے اُن کی لکھی ہوئی کوئی کہانی نہیں پڑھ رکھی تھی۔یہ پہلی بار تھا کہ میں اس نام کے کسی شخص کی کتاب پڑھ رہی تھی،جس میں موجود کہانیوں نے مجھے بولنے کہاں دیا تھا۔

میں تو ان کے سحر میں گم ہوں۔ایک کے بعد ایک کہانی پرت در پرت میرے سامنے کھلتی جا رہی ہے۔انوار ایوب راجہ نے اس کتاب کا نام کہانی کی پہلی کتاب رکھا ہے مگر مجھے لگتا ہے وہ تو کہانی کے اس سفر میں نجانے کتنی منزلیں عبور کر چکے ہیں۔ان کی کہانیوں کے کردار اسی معاشرے کے عام سے لوگ ہیں۔ان کے اندر موجود داستان گو اپنی کہانیوں کے زریعے کہیں وہ حلال اور حرام کے فلسفے کی گھتیاں سلجھاتا نظر آتا ہے اور کبھی معاشرے میں موجود عزت کے ٹھیکداروں کی منافقت کے پردے چاک کرتا نظر آتا ہے۔کہانیوں کے اختتام قاری کو سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ مختصر کہانیوں کے اس میدان میں انوار ایوب راجہ کا انداز بیاں منفرد ہے۔وہ کوئی عام رومانوی داستان نہیں سناتے بلکہ اپنی کہانیوں کے ذریعے معاشرتی مسائل کو بے نقاب کرتے نظر آتے ہیں۔ان کی کہانیوں میں دکھ،درد اور محرومی کے ساتھ ساتھ ہجر وفراق میں ڈوبے نوحے چلتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ہر کہانی کا اختتام ایک سوالیہ نشان ہے کہیں تو محرومیاں موت کے ڈوبتے سورج کے ساتھ ہی دفن ہو جاتی ہیں اور کہیں کوئی کردار ہمیشہ کے لئے تنہائی کی دنیا کا مسافر بن جاتا ہے۔جو لوگ مختصر کہانیوں کی دنیا میں کچھ منفرد پڑھنا چاہتے ہیں تو وہ انوار ایوب راجہ کی کہانی کی پہلی کتاب ضرور پڑھیں۔

دعاگو
نایاب جیلانی 

کہانی کی پہلی کتاب برطانیہ میں ڈاک کے ذریعے  حاصل کرنے کے لیے لنک پر کلک کریں – 

https://bit.ly/3Tazva1


ادارتی نوٹ: اگر آپ محترمہ نایاب جیلانی صاحبہ کے ناول آن لائن پڑھنا چاہیں تو لنک ذیل میں دیا گیا ہے

https://urdunovelcollection.com/category/nayab-jelani/

Exit mobile version