Tarjuman-e-Mashriq

مانچسٹر لوک میلے میں پہاڑی اور انگریزی لوک سنگیت کا تاریخی سنگم

( راچڈیل) ہفتہ 11 جون 2022 کو شام  ساڑھے سات بجے ( 30-19)  یونٹی ہاؤس – اپنا گھر میں ایک تاریخی محفل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس میں معروف برطانوی کشمیری صوفی اور پہاڑی پوٹھوہاری گلو کار لالہ قدیر اپنے فن کے مظاہرے سے راچڈیل کے لوک میلے کا آغاز کریں گے ۔ کشمیری آرٹس اتحاد اور انگریزی لوک فن کے اشتراک سے پیش کی جانے والی اس منفرد اور تاریخی محفل میں دو معروف انگریز لوک فنکار  بھی موجود ہوں گے جو لالہ قدیر کو غور سے سن رہے ہوں گے۔  کیونکہ  اس محفل کے بعد ڈان والش اور الیسٹر اینڈرسن موسم گرما کے دوران لالہ قدیر کے ساتھ مل کرکئی دنوں کے ریاض کے بعد اپنے اپنے ثقافتی ورثے اور مناظر سے چن کر اس سال اکتوبر میں مل کر مانچسٹر لوک میلے میں موسیقی کی نئی دھنوں اور گیتوں کا  ایک تاریخی سرگم پیش کریں گے۔ اس لیے اس تاریخی محفل میں پورے خاندان کے ساتھ ضرور تشریف لائیں۔ ٹکٹ 5 پونڈ ہے اور آن لائن بکنک فیس کے ساتھ ساڑھے پانچ پونڈ۔

سنٹر کے دروازے سات بجے کھل جائیں گے اور پروگرام ساڑھے سات بجے شروع ہو کر رات دس بجے تک جاری رہے گا۔ پروگرام میں راچڈیل کے مئیر احمد علی کے ساتھ ساتھ دیگر اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔

راچڈیل لوک میلے کے چیف ایگزیکٹو ٹام بیسفورڈ نے کہا کہ ہمیں لالہ قدیر کو راچڈیل میلے میں دل کی اتھا گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ میرے لیے کشمیر کے پہاڑی علاقوں کے لوک گیتوں کو لوک میلے کا حصہ بنانے کے عمل کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ کشمیری آرٹس اتحاد کے ساتھیوں عزیز زیریا، شمس رحمان اور کونسلر عدالت علی کے ساتھ مل کر امید کرتا ہوں کہ یہ شام تمام شرکاء کے لیے ایک پرلطف اور یادگار شام ہو گی۔

11 جون کی محفل میں لالہ قدیر کے ساتھ طبلے پر برطانیہ کے معروف فنکار محمد خلیل ، گھڑے پر تجمل ، ڈھولک پر چیکو  جبکہ بانسری کی دھنیں نومی راج  بکھیریں گے۔

Exit mobile version